ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی اسمبلی انتخابات: اکھلیش نے قبرستان اور یوگی نے شمشان بنوائے، ہم اسکول تعمیر کرائیں گے: لکھنو میں کیجروال کا اعلان

یوپی اسمبلی انتخابات: اکھلیش نے قبرستان اور یوگی نے شمشان بنوائے، ہم اسکول تعمیر کرائیں گے: لکھنو میں کیجروال کا اعلان

Sun, 02 Jan 2022 20:41:34    S.O. News Service

لکھنؤ،2؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) اُترپردیش  اسمبلی انتخابات میں  عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم کا اغاز کرتے ہوئے   دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کے روز لکھنؤ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ  اکھلیش نے قبرستان اور یوگی نے شمشان بنوائے ہیں، لیکن  ہم  یہاں اسکول تعمیر کرائیں گے۔ اروند کجریوال نے بی جے پی پر زبردست وار کرتے ہوئے کئی دیگر اعلانات بھی کئے۔

 کیجروال نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے بڑے لیڈروں  نے یوپی میں آ کر کہا تھا کہ اگر قبرستان بنایا جاتا ہے تو شمشان گھاٹ بھی بننا چاہئے۔ پرانی حکومت نے صرف قبرستان  ہی بنوائے  ہیں جبکہ  یوگی حکومت نے صرف شمشان گھاٹ بنوائے ہیں، ہمیں موقع دیجئے ہم آپ کے بچوں کے لئے اسکول اور تمام لوگوں  کے لئے اسپتال تعمیر کروائیں گے۔

لکھنؤ میں سمرتی اُپون میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یوگی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں میں صرف شمشان بنوائے ہی نہیں بلکہ انہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو وہاں پہنچانے کا بھی کام کیا۔ جس طرح کورونا کے دور میں پوری دنیا میں یوپی کے کورونا انتظامات کی تھو تھو ہوئی اس پر پردہ ڈالنے کے لئے یوگی حکومت کو امریکہ کی بڑی میگزین میں 10-10 صفحات پر مشتمل اشتہار دینے پڑے۔ ان اشتہارات پر ریاستی حکومت نے کروڑوں  روپے خرچ کر ڈالے۔

اپنے خطاب کے دوران کیجروال نے مزید کہا کہ تعلیم کے حوالہ سے ہم بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے خواب کو 70 سال کے بعد بھی پورا نہیں کر پائے، لیکن خواہ میری پوری زندگی ہی کیوں نہ گزر جائے میں یہ کام کر کے رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو جان بوچھ کر ناخواندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے دہلی کے اسکوں کو بہتر بنا دیا ہے تو کیا ہم یہی کام یوپی میں نہیں کر سکتے؟

سماجوادی پارٹی کے 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کے اعلان پر بھی اروند کیجریوال نے طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کچھ جماعتیں بھی فری بجلی فراہم کرنے کا اعلان کر رہی ہیں لیکن اس کا فارمولہ صرف اور صرف کیجریوال کے پاس ہے۔ ہم نے دہلی میں یہ کر کے دکھایا ہے۔ خیال رہے کہ اکھلیش یادو نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، نیز کسانوں کو بھی سینچائی کے لئے بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔


Share: